گیانا:دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست دیدی

گیانا:دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست دیدی

گیانا:پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 74 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔تفصیلات کے مطابق گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سرفراز الیون نے مقررہ 50 اوورز میں بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44.5 اوورز میں 208 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے این لیوس اور چیڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا اوردونوں بلے بازوں نے جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی ہی تھی کہ 22 کے مجموعی اسکور پر والٹن 13 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد لیوس بھی 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ شائی ہوپ 15، کیرن پوویل 11، جوناتھن کارٹر 12 اور جیسن محمد ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر 68 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ایشلے نرس 44، دیوندرا بشو16 اور الزیری جوزیف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حسن علی نے 5، محمد حفیظ 2، محمد عامر، شاداب خان اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر سنچری بنانے والے بابراعظم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا اور دونوں بلے باز بالترتیب 5 اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ابتدائی 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور محمد حفیظ کی جانب سے محتاط انداز میں اسکور پر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا لیکن روایتی طور پر محمد حفیظ وکٹ بچاتے بچاتے 113 کے مجموعی اسکور پر 50 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شعیب ملک 9 اور کپتان سرفراز احمد 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چھٹی وکٹ پر بابراعظم اور عماد وسیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 99 رنز کی شراکت قائم کی جب کہ بابراعظم 3 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 125 اورعماد وسیم 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبریل نے 2، الزاری جوزیف، دوندرا بشو اور ایشلے نرس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی