نوازشریف نے لیگی رہنماوں کو راحیل شریف سے متعلق تبصروں سے روک دیا

 نوازشریف نے لیگی رہنماوں کو راحیل شریف سے متعلق تبصروں سے روک دیا

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تمام رہنماوں کو سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے بارے میں متنازع بیانات جاری کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے گذشتہ چند دنوں سابق آرمی چیف کے خلاف آنے والے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم نواز شریف کے مطابق پورا ملک سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر سابق آرمی چیف اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کا عہدہ قبول کرتے ہیں تو وہ متنازع ہوجائیں گے۔
دوسری جانب گذشتہ ہفتے گورنر سندھ محمد زبیر بھی راحیل شریف کے بارے میں بیان دینے کے بعد خبروں کی زینت بنے۔محمد زبیر کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کو سعودی اسلامی فوجی اتحاد کا سربراہ مقرر کیے جانے کو بہت بڑی بات تصور کیا جارہا ہے جبکہ بطور ایک عام انسان انہیں اس بات کا استحقاق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو اتنا بڑھا چڑھا دیا کہ جب وہ اپنے حق کی زمین لینے لگے تو سب نے کہا کہ راحیل شریف زمین لے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک نارمل جنرل تھے۔