"دی باس بے بی“ کی حکمرانی دوسرے ہفتے بھی برقرار

لاس اینجلس: تین نئی فلموں کی نمائش کے باوجود تھری ڈی اینی میٹیڈ فلم ”دی باس بے بی“ کی حکمرانی دوسرے ہفتے بھی برقرار، مزید پونے تین ارب روپے کما لئے۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے تین نئی فلمیں ”سمرفس:دی لوسٹ ویلج“، ”گوئنگ ان سٹائل“ اور ”دی کیس فار کرسٹ“ نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ گزشتہ ہفتے کی حکمران فلم ”دی باس بے بی“ کی حکمرانی اس ہفتے بھی برقرار رہی اور فلم نے مزید پونے تین ارب روپے کمائے جبکہ مجموعی طور پر فلم 9 ارب 35کروڑ روپے کما چکی ہے۔

”دی باس بے بی“ کی کہانی ایک 7 سالہ بچے کے گرد گھومتی ہے، جس کے ماں باپ ایک ننھا بچہ گود لیتے ہیں، یہ ننھے میاں تمام گھر والوں سے اپنے نخرے ا ٹھواتے ہیں، جس کی وجہ سے بڑا بھائی اسے نا پسند کرنے لگتا ہے۔چھوٹا بچہ نہ صرف اپنے ساتھ بریف کیس لیے گھومتا بلکہ بہت تیزی سے باتیں بھی کرتا اور اپنے آپ کو کسی باس سے کم نہیں مانتا۔

فلم ”بیوٹی اینڈ دا بیسٹ“ اس ہفتے اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، فلم 2 ارب 62کروڑ روپے کی آمدنی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔فلم کی کہانی ایسے شہزادے کے بارے میں ہے جو بوڑھی پری سے بدتمیزی کے بعد سزا کے طور پر بھیڑیے میں بدل جاتا ہے، دوبارہ انسان بننے کے لیے ضروری ہوتاہے کوئی لڑکی شہزادے سے اسی روپ میں سچے دل سے اظہار محبت کرے۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی نئی اینی میٹڈ فلم ”سمرفس :دی لوسٹ ویلج“ ایک ارب 50 کروڑ روپے کما کر تیسرے نمبر پر رہی۔ فلم کی کہانی ننھے کرداروں سمرفیٹ اور اس کے دوستوں کی ہے،جو کہ ایک گمشدہ گاوں کی تلاش میں خیالی جنگل میں پہنچ جاتے ہیں،جہاں ان کی ملاقات جادوئی مخلوق سے ہوتی ہے۔
دوسری نئی ریلیز ہونے والی فلم ”گوئنگ ان سٹائل“ کے حصہ میں چوتھی پوزیشن آئی، فلم نے اپنی نمائش کے ابتدائی تین روز میں ایک ارب 31کروڑ روپے کمائے۔ فلم ”گھوسٹ ان دی شیل“ اپنے 76کروڑ روپے کے بزنس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہی۔

مصنف کے بارے میں