واٹس ایپ پر صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہے: ترجمان

واٹس ایپ پر صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہے: ترجمان

نیویارک: میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو واضح کیا ہے کہ ان کا ڈیٹا محفوظ ہے اور وہ کسی قسم کا مواد میسجز سے اکھٹا نہیں کرتی۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک ڈیٹا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ اس کے صارفین کے پیغامات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے باعث محفوظ ہیں اور وہ کسی قسم کا مواد میسجز سے اکھٹا نہیں کرتی۔

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ ایپ ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب 50 کروڑ سے زائد ہے اور اس حوالے سے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے کہ فیس بک کی زیر ملکیت اس اپلیکشن میں بھی صارفین کا ڈیٹا محفوظ نہیں۔

واٹس ایپ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ کے لیے اسکے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے گروپس کے حوالے سے ان رپورٹس پر بھی ردعمل ظاہر کیا جن کے مطابق یہ اتنے زیادہ محفوظ نہیں۔

واٹس ایپ کے ترجمان کے مطابق جب بھی کوئی نیا رکن کسی گروپ کا حصہ بنتا ہے تو تمام اراکین کو نوٹیفکیشن موصول ہوتا ہے، گروپ ممبر گروپ میں شامل ہر فرد کو دیکھ سکتے ہیں، اس کے نام اور فون نمبر کو جان سکتے ہیں، اسی طرح گروپ کو چھوڑنا یا بلاک بنانا بھی ایک کلک سے ممکن ہے۔