امریکہ نے پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کردی

امریکہ نے پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کردی

اسلام آباد: امریکہ نے پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی، واشنگٹن میں 25 میل سے زائد سفر کرنے پر پاکستانی سفارتکاروں کو امریکی حکومت سے اجازت درکار ہوگی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی سفری ہدایات کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔ دوسری جانب امریکی سفارت خانے نے معاملے پر کوئی بھی بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر کوئی بات نہیں کرسکتے۔ اس حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا جائے۔

واضع رہے کہ امریکہ کی طرف سے اس طرح کے اقدامات کی کوششیں اس وقت سامنے آئی ہیں جب پاکستان نے امریکی سفارتی اہلکار کی مجرمانہ غفلت سے شہری کی موت کے حادثے پر احتجاج کیا۔ امریکہ نے پاکستانی شہری کی موت کے ذمہ دار اتاشی کو پاکستانی حکام کے سامنے تفتیش کے لیے پیش کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان نے امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی موت پر احتجاج کرتے ہوئے امریکی سفیر کو دفترِ خارجہ طلب کیا تھا اور قانون پر عمل درآمد کا کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاک امریکہ سفارتی تناو میں اضافہ، امریکہ پاکستان پر نئی سفارتی حدود وقیود عائد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کرکے مطالبہ کیا تھا کہ اس معاملے پر پاکستان کے قانون اور ویانا کنونشن کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ امریکی سفیر نے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔