پشاور، تیز آندھی اور بارش سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے

پشاور، تیز آندھی اور بارش سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے
کیپشن: آندھی سے پشاور، صوابی، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں مکانات کو نقصان پہنچا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

پشاور: ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پشاور اور گردو نواح میں تیز آندھی اور بارش نے 6 لوگوں کی جان لے لی۔ بی آر ٹی اسٹیشن کی چھتیں طوفان کا سامنا نہ کر سکیں اور تیز ہوا کے باعث چھتیں اکھڑ گئیں۔

ضلع خیبر کے علاقہ شاکس میں گھر کی دیوار گرنے سے برکت شاہ نامی 9 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔  سر کمر کے علاقے میں بھی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ریسکیو کر کے جمرود سول ہسپتال منتقل کیا اور جاں بحق بچے کے خاندان کے لیے تین لاکھ روپے کا چیک اور زخمیوں کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے کے چیک اسسٹنٹ کمشنر کو بھیج دیئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق تیز آندھی اور بارش کے باعث پشاور میں تین، صوابی میں دو اور کوہاٹ میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آندھی سے پشاور، صوابی، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں مکانات کو نقصان پہنچا۔