معروف بھارتی اداکار کورونا کے باعث دم توڑ گئے

معروف بھارتی اداکار کورونا کے باعث دم توڑ گئے
سورس: file photo

ممبئی ،بھارت کے معروف اداکار ستیش کول کورونا کے باعث دم توڑگئے ۔ 73 سالہ ستیش معاشی بدحالی کے باعث اپنا علاج نہیں کرواسکے تھے ۔ 

بھارت کی معروف سیریل مہابھارت کے مرکزی کردار ستیش کول کو بخار کی وجہ سے ہسپتال داخل کرایا گیا لیکن ٹیسٹ کے بعد پتہ چلا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے  73 سالہ اداکار کو گزشتہ دنوں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، معاشی تنگ دستی کی وجہ سے وہ اپنا بروقت بہتر علاج بھی نہیں کروا سکے تھے، جس کی وجہ سے طبیعت بگڑ گئی۔

اداکار کی بہن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 6 روز قبل ستیش کو ل کو بخار کی شکایت تھی، جس کے بعد انہیں عطیات سے چلنے والے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ستیش کول انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کررہے تھے، وہ پنجاب کے شہر لدھیانہ میں مقیم تھے جبکہ اُن کے پاس علاج تو دور کی بات کھانے پینے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔

اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ستیش نے امداد کے لیے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے حکومتی شخصیات اور مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی تھی۔

ان کی موت کی تصدیق اداکارہ اور پروڈیوسر پریتی ساپرو نے کرتے ہوئے بتایا کہ  ستیش کو گزشتہ کئی روز سے بخار تھا، جس کے بعد اُن کا ٹیسٹ کروایا گیا تو انہیں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ ستیش کول نے 300 سے زائد پنجابی اور ہندی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔