کراچی: پاکستان کی مدر ٹریسا ڈاکٹر رتھ فاؤ انتقال کر گئیں

کراچی: پاکستان کی مدر ٹریسا ڈاکٹر رتھ فاؤ انتقال کر گئیں

کراچی: جذام کے مریضوں کیلیے کام کرنیوالی ڈاکٹر رتھ فاؤ انتقال کر گئیں۔ ڈاکٹر رتھ فاو کی آخری رسومات 19 اگست کو سینٹ پیٹرکس چرچ صدر میں ادا کی جائینگی۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ 2 ہفتے سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں اور ان کا انتقال گزشتہ رات ساڑھے 12 بجے ہوا۔

88 سالہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کو پاکستانی مدر ٹریسا بھی کہا جاتا تھا جو 60 کی دہائی میں جذام کے مرض کے خاتمے کے لئے پاکستان آئیں اور اپنی ساری زندگی پاکستان میں انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر دی تھی۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ گزشتہ 56 برسوں سے انسانیت کی خدمت کے لئے کوششوں میں مصروف تھیں اور وہ کراچی میں قائم میری ایڈی لیپروسی سینٹر ہی میں بنے دو کمروں کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی میری ایڈیلڈی لیپروسی سینٹر نامی غیر سرکاری تنظیم کراچی سمیت ملک بھر میں جلد کی خطرناک بیماری 'جذام' کے خلاف مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

 

ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کا ہی نتیجہ ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں جذام کی بیماری کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں انہیں ستارہ قائداعظم، ہلال امتیاز اور ہلال پاکستان سمیت لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں