رانا ٹنگا نے لنکن کرکٹ چیف پر فکسنگ کے الزامات لگا دیئے

 رانا ٹنگا نے لنکن کرکٹ چیف پر فکسنگ کے الزامات لگا دیئے

کولمبو: بھارت کے ہاتھوں 2 ٹیسٹ میچوں میں شرمناک شکست کے بعد کرکٹ سری لنکا پر سوال اٹھنے شروع ہو گئے ہیں۔ سابق کپتان رانا ٹنگا نے ناکامی کا ذمہ دار بورڈ چیف کو ٹھہرا دیا۔

انہوں نے ان ناکامیوں پر فکسنگ اور جوئے کا الزام لگاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں ڈسپلن نام کی کوئی چیز نہیں جس کے اثرات کرکٹرز میں دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بورڈ صدر تھلنگا سماتھی پالا مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ میچ فکسرز پلیئرز کے ساتھ رابطے میں پائے گئے ہیں۔

سماتھی پالا نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا رانا ٹنگا اس سے قبل بھی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر 2011 کا ورلڈ کپ جان بوجھ کر ہارنے کا الزام عائد کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا بورڈ میں ہونے والی افراتفری کے پیش نظر پلیئرز کے کردار پر انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔ البتہ سری لنکن کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ رانا ٹنگا کے الزامات کا مقصد ممکنہ طور پر سماتھی پالا کی جگہ کرکٹ بورڈ کی سربراہی حاصل کرنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں