80ممالک کے شہری بغیر ویزا کے قطر میں داخل ہو سکیں گے

80ممالک کے شہری بغیر ویزا کے قطر میں داخل ہو سکیں گے

دوحا:غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطری حکام نے اعلان کیا ہے کہ 80 ممالک کے شہری اب بغیر ویزا ان کے ملک میں داخل ہو سکیں گے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ جن ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان میں بھارت، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقا، سیچیلیس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ و دیگر شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ان 80 ممالک کے وہ شہری جو قطر آنے کے خواہش مند ہیں انہیں پیشگی ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ قطر پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہی انہیں ملٹی انٹری ویزا جاری کیا جائے گا جو بالکل مفت ہو گا۔ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو محض اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا جس کے ختم ہونے کی معیاد چھ ماہ سے زیادہ ہونی چاہیئے جبکہ ساتھ ہی انہیں ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔

ان ملکوں کے شہریوں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزے سے استثنیٰ کی سہولت دی جائے گی جو 180، 90 یا پھر 30 دن کے لیے اور قابل تجدید ہو گی۔
قطر کی جانب سے فراہم کی جانے والی 80 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت 5 عرب ممالک نے دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرکے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے جس کے بعد قطر اپنی معیشیت کو بحال رکھنے کے لیے مختلف طریقوں پر غور کر رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔