این اے 120 لاہورضمنی انتخاب'کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع

لاہور: قومی اسمبلی کی نشست این اے 120پر ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل شروع ہوگیا۔یہ نشست سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمعرات سے 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 15سے 17اگست کے درمیان کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائیں گی اور 17ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی۔این اے 120لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے تحریک انصاف نے یاسمین راشد کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے اب تک حتمی امیدوار کا نام سامنے نہیں آسکا۔

تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ کلثوم نواز ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی امیدوار ہوں گی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمی کے لئے نااہل قرار دیا تھا اورعدالتی فیصلے کے بعدانہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں