چیئرمین پی سی بی کی زندگی پر ایک نظر

چیئرمین پی سی بی کی زندگی پر ایک نظر

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا انتخاب بورڈ آف گورنرز نے کیا جس کے ساتھ ہی وہ دوسری مرتبہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن گئے۔ آئین کے تحت 10 رکنی بورڈ آف گورنرز میں ریجن اور اداروں کے چار چار اراکین شامل ہوتے ہیں جبکہ دو کا تقرر وزیراعظم کی جانب سے ہوتا ہے۔

نجم سیٹھی اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں لیکن ماضی میں انہیں ذ کا اشرف کے مقابلے میں عدالتی کارروائی کا سامنا رہا۔ مئی 2013 ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ذ کا ء اشرف کی معطلی کے بعد جون میں نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا عبوری چیئرمین مقرر کیا گیا تھا لیکن اسی سال اکتوبر میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روک دیا تھا، نجم سیٹھی2013 ء عام انتخابات کے موقع پر پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

اکتوبر 2013 ء میں ہی اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت کرکٹ بورڈ کے مقدمے کے پیش نظر نجم سیٹھی کی سربراہی میں پانچ رکنی ایڈہاک مینجمنٹ کمیٹی قائم کردی جس کے دیگر ارکان میں شہریارخان، ظہیر عباس، نوید اکرم چیمہ اور ہارون رشید شامل تھے۔جنوری 2014 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا لیکن فروری میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ذکا اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹا کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور 11 رکنی کمیٹی کے سپرد کر دی جس کے سربراہ نجم سیٹھی تھے۔

مئی 2014ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکاء اشرف کو ایک بار پھر بحال کر دیا لیکن سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی بحالی کا حکم سنا دیا۔عدالتی جنگ کے اس طویل سلسلے کا ڈراپ سین اس طرح ہوا کہ نجم سیٹھی نے سپریم کورٹ کے سامنے اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اگلے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا اور اگست 2014 ء میں شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے جبکہ نجم سیٹھی نے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری سنبھال لیں۔

گزشتہ تین سال کے دوران نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی طاقتور ترین شخصیت کے طور پر سامنے آئے اور کرکٹ بورڈ کے اہم فیصلوں میں ان کی مرضی شامل رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان سپر لیگ کا دو سال کامیابی سے انعقاد ہے جبکہ دوسرے ایڈیشن کے فائنل کا لاہور میں انعقاد بھی لائق تحسین تھا۔نجم سیٹھی کا شمار ملک کے سینئر صحافیوں اور تجزیہ کاروں میں ہوتا ہے اور وہ 2013 ء کے عام انتخابات کے دوران پنجاب کے نگران وزیراعلی کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔



مصنف کے بارے میں