2 کروڑ افراد کوفاقہ کشی کا خطرہ درپیش: اقوام متحدہ

2 کروڑ افراد کوفاقہ کشی کا خطرہ درپیش: اقوام متحدہ

جنیوا:عالمی سلامتی کونسل کے مطابق یمن ، صومالیہ ، جنوبی سوڈان اور شمال مشرقی نائجیریامیں 2 کروڑ افراد کو فاقہ کشی کا خطرہ درپیش ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سلامتی کونسل نے یمن ، صومالیہ ، جنوبی سوڈان اور شمال مشرقی نائجیریا میں متحارب فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد داخل ہونے کی اجازت دیں۔ کونسل نے دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ 2 کروڑ افراد کو درپیش فاقہ کشی کے خطرے سے بچنے کیلئے مزید رقوم عطیہ کریں۔
15 ممالک پر مشتمل سلامتی کونسل نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ حالیہ تنازعات اور پرتشدد واقعات کے انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور چاروں ممالک میں یہ فاقہ کشی کا مرکزی سبب ہے۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے 4.9 ارب ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی تھی تا کہ 70 برس قبل اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے انسانی بحران کا انسداد کیا جا سکے۔