کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تیز بارش

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تیز بارش
کیپشن: بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

کراچی: مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث کراچی سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔ نیو کراچی، سرجانی، شاہراہ فیصل، ائیرپورٹ، ڈالمیاء، یونی ورسٹی روڈ، گلشن، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ماڈل کالونی اور گلستان جوہر میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ویل مارکڈ لو پریشر کی صورت میں سندھ میں داخل ہو گیا ہے جس سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

بارش کے باعث لیاقت آباد سی ون ایریا، نارتھ ناظم آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی نارتھ کراچی، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن ،سرجانی، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ اور اسکیم 33 میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق منگھوپیر میانوالی کالونی میں کرنٹ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضرور کریں۔ ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی ہرگز حاصل نہ کریں کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔