ٹیکس نظام میں 10 لاکھ سے زائدا فراد کا اضافہ

ٹیکس نظام میں 10 لاکھ سے زائدا فراد کا اضافہ
کیپشن: عیدالاضحیٰ کے بعد ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ویب سائٹ

اسلام آباد: گزشتہ ایک سال میں 10 لاکھ 20 ہزار 37 افراد کے ٹیکس نظام میں آنے سے ٹیکس دہندگان کی تعداد 25 لاکھ 13 ہزار 57 ہو گئی۔9 اگست کو 2018 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تک ایف بی آر میں 25 لاکھ 13 ہزار57 افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے۔

2017 میں ٹیکس دہندگان کی تعداد 14 لاکھ 93 ہزار 20 تھی اور ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے بعد ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے اور پہلے مرحلے میں ایک کنال گھروں اور ایک ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس بھیجے جائیں گے اور مرحلہ وار ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شناختی کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے 30 ستمبر تک کارروائی سے مہلت دے دی گئی ہے۔

ترجمان ایف بی آر ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے تصدیق کی کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائیگی کیونکہ پہلے ہی 7 روز کی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی تھی حالانکہ 2 اگست ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری توسیع شدہ تاریخ تھی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آئندہ 5 برسوں میں ٹیکس دہندگان کی تعداد کو 40 لاکھ سے 50 لاکھ تک لانے کا ہدف مقررکیا ہوا ہے۔