نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی کیساتھ تھامنے میں ہے، خطبہ حج

نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی کیساتھ تھامنے میں ہے، خطبہ حج
کیپشن:   رواں برس سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

ریاض: سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی منیٰ سے میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز منیٰ میں قیام کے بعد عازمین آج صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں وہ حج کا رکن اعظم یعنی وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ حج کا خطبہ دے رہے ہیں جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

واضح  رہے کہ رواں برس سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے۔

ان میں پہلا خطبہ گزشتہ روز جمعہ کا خطبہ سنا گیا جب کہ دوسرا خطبہ آج  خطبہ حج ہوگا اور تیسرا خطبہ کل نماز عید الاضحٰی کا سنا جائے گا۔

عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی سعودی حکام نے فرزندان اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔