حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع

حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع
کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور اگر کرپشن کی ہے تو نیب عدالت کو ثبوت پیش کرے، حمزہ شہباز۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے کیس میں حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی۔پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور لیگی رہنما حمزہ شہباز کو نیب حکام نے احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا تو جج نے ملزم کی تاخیر سے پیشی پر نیب پر برہمی کا اظہار کیا۔


دورانِ سماعت حمزہ شہباز نے عدالت میں بیان دیا کہ کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور اگر کرپشن کی ہے تو نیب عدالت کو ثبوت پیش کرے۔ نیب عدالت کے ساتھ قوم کے سامنے بھی کرپشن ثابت کرے۔

نیب حکام نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کے ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی جب کہ ملزم کو 21 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔