وائٹالٹی ٹی 20 :بابر اعظم نے سنچری سکور کردی

وائٹالٹی ٹی 20 :بابر اعظم نے سنچری سکور کردی

لندن :پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے دیار غیر میں بھی اپنی شا ندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم بلند کردیا ہے اورٹی 20 رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم نے انگلینڈ میں جاری وائٹالٹی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں سنچری داغ دی۔گزشتہ روز سمرسٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے سلامی بلے باز نے اپنی بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور 55 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری سکور کی۔

c50f3b4e1e79af482279a7f6ef1aad9d

بابر اعظم کی بہترین بلے بازی کی بدولت سمرسیٹ نے ہیمپشائر کو جیت کے لئے 202 رنز کا ہدف دیا اور ان کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔جواب میں ہیمپشائر کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور 12ویں اوور کے اختتام پر انہوں نے 69 رنز اسکور کئے جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے، اس دوران بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔بابر اعظم اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔

انہوں نے 42 کی اوسط اور 123 کے اسٹرائیک ریٹ کی مدد سے 8 میچز میں 425 رنز بنا لیے ہیں۔بابر کے بعد آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز ڈی آرسی شارٹ کا نمبرآتا ہے جو ان سے 99 رنز کی دوری پر کھڑے ہیں۔

سمرسیٹ ٹیم کے کپتان نے بابر کی عمدہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پاکستانی بلے باز کیوں ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابر بقیہ تمام ٹیم سے ایک الگ ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں جس طرح وہ صفائی سے شاٹ کھیلتے ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔