پشاور میں بارشوں اور سیلابی ریلے سے 6 افراد جاں بحق

پشاور میں بارشوں اور سیلابی ریلے سے 6 افراد جاں بحق
کیپشن: دروش کے علاقے میں سیلابی ریلے کے بعد بحالی کا کام جاری ہے، پی ڈی ایم اے۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

پشاور: ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور میں بارشوں اور سیلابی ریلے سے 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے جب کہ شانگلہ اور بونیر میں ایک، ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع تورغر میں دادم مدی خیل کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوا۔

پولیس کے مطابق اپر کوہستان کے علاقے دسوا میں بھی شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم مخلتف مقامات پر بند ہے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے سے سینکڑوں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں۔

پی ڈیم ایم اے حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امداد کی ہدایت کی ہے اور سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مقامات پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دروش کے علاقے میں سیلابی ریلے کے بعد بحالی کا کام جاری ہے۔

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔