شوگر مافیا کے خلاف مقدمات دائر ہونے جا رہے ہیں، اسد عمر

شوگر مافیا کے خلاف مقدمات دائر ہونے جا رہے ہیں، اسد عمر
کیپشن: چینی کی قیمتوں کو نیچے لانے پر کام ہو رہا ہے، اسد عمر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

2اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ شوگر مافیا کے خلاف رپورٹ آئی، پھر فورنزک کروایا گیا۔ اب شوگر مافیا کے خلاف کیسز دائر ہونے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران پیچھے ہٹنے یا گھبرانے والے نہیں ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سابق حکومت میں چینی کی قیمت 100 روپے سے زائد چلی گئی تھی۔ چینی کی قیمتوں کو نیچے لانے پر کام ہو رہا ہے، اس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی جو کچھ کرکے گئے، ہم عوام کو بتاتے رہیں گے۔ جب حکومت سنبھالی تو 20 ارب ڈالر خسارہ تھا۔ ہماری حکومت نے سرجری کی، اب حالات بہتر ہونگے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اپوزیشن کے خلاف مقدمات بنا رہے ہیں تو عبدالعلیم خان، سبطین خان، پرویز خٹک کیخلاف کیسز کس نے بنائے؟

انہوں نے کہا کہ ہم نیب قوانین کی بہتری کے لیے آرڈیننس لے کر آئے لیکن اپوزیشن نے کہا کہ جب تک این آر او نہیں دیں گے، حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ اپوزیشن کی 34 ترامیم این آر او پلس تھا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ نواز شریف، اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کے کیس میں بڑا فرق ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنما مجرم جبکہ جہانگیر ترین پر الزام ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو نیب نے قانون کے مطابق جیل میں ڈالا تھا۔

کورونا وائرس کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعدادوشمار کو نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں روزانہ دیکھا جاتا ہے۔ کورونا ختم نہیں ہوا، صرف کیسز میں کمی آئی ہے۔ عید کے بعد وبائی صورتحال بہتر ہوئی۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ اگر ایسا نہ گیا تو حالات دوبارہ خراب ہو سکتے ہیں۔

معیشت بارے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد پوری دنیا کے معاشی حالات خراب ہیں۔ امریکا میں 4 کروڑ افراد بے روزگار ہوئے۔ دیگر ممالک کی طرح ہم بھی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ تاہم کورونا سے سب سے کم نقصان پاکستان میں ہوا۔