محمد وسیم جونیئر کشمیر پریمیر لیگ میں پہلی ہیٹرک کرنے والے باؤلر بن گئے

محمد وسیم جونیئر کشمیر پریمیر لیگ میں پہلی ہیٹرک کرنے والے باؤلر بن گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کے پہلے سیزن میں پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز محمد وسیم جونیئر نے اپنے نام کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ 
مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کا ساتواں میچ مظفر آباد ٹائیگرز اور راولا کوٹ ہاکس کے درمیان کھیلا گیا جس میں مظفر آباد ٹائیگرز کے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ 
محمد وسیم جونیئر نے انتہائی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے راولا کوٹ کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو دوسرے ہی اوور میں پویلین کی راہ دکھا دی تاہم ان کی یہ عمدہ کارکردگی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکی اور صرف ایک سکور سے میچ ہار گئی۔ 
واضح رہے کہ مذکورہ میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی نقصان کے بعد حسین طلعت، احمد شہزاد اور محمد عمران کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر175 رنز بنائے۔ 
حسین طلعت نے انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور احمد شہزاد نے 50 رنز بنائے جبکہ محمد عمران 40 رنز بنا سکے۔ 
ہدف کے تعاقب میں مظفر آباد ٹائیگرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے اور یوں اسے میچ میں ایک سکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔