جہانگیر ترین کی چینی کی قیمت مقرر کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست 

جہانگیر ترین کی چینی کی قیمت مقرر کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: جہانگیر ترین کی شوگر ملز نے چینی کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے چینی کا ریٹ مقرر کرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا موقف سننے کا حکم دیا تھا۔ درخواست گزار جہانگیر ترین کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو سنا ہی نہیں گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے چینی کی نئی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا مگر حکومت کے مقررہ نرخ پر چینی فروخت کرنا ممکن نہیں۔ درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ چینی کی قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکا جائے۔