بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کی ماں پر فراڈ کا الزام، مقدمہ درج  

Bollywood actress Shilpa Shetty and her mother have been charged with fraud
کیپشن: فائل فوٹو

لکھنو: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کی ماں سنندا کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ لکھنو پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ویلنیس سینٹر کے نام پر کروڑوں روپے کا فراڈ کیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق پولیس نے شلپا شیٹی اور ان کی ماں سنندا پر شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔ اس معاملے پر لکھنو کے حضرت گنج اور وبھوتی کھنڈ تھانے میں دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ اب لکھنو پولیس نے ان دونوں ہی معاملوں میں جانچ تیز کر دی ہے۔

لکھنو پولیس کی ایک ٹیم ممبئی پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری ٹیم بھی ممبئی پہنچے گی اور دونوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اگر معاملے میں دونوں کا کردار پایا جاتا ہے تو گرفتاری بھی ممکن ہے۔

دراصل اداکاری کے علاوہ شلپا شیٹی آیوسس ویلنیس سینٹر نام سے ایک فٹنس چین بھی چلاتی ہیں۔ اس کمپنی کے چیئرمین شلپا شیٹی ہیں جبکہ ان کی ماں سنندا ڈائریکٹر ہیں۔

الزام ہے کہ ویلنیس سینٹر کی برانچ کھولنے کے نام پر شلپا شیٹی اور ان کی ماں نے دو لوگوں سے کروڑوں روپے لئے لیکن جو وعدہ کیا گیا تھا اسے پورا نہیں کیا گیا۔

اس معاملے میں وبھوتی کھنڈ تھانے میں جیوتسنا چوہان اور حضرت گنج تھانے میں روہت ویر سنگھ نامی شہریوں نے فراڈ کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

اس معاملے میں شلپا شیٹی اور ان کی ماں سے پوچھ گچھ کے لئے حضرت گنج پولیس اور وبھوتی کھنڈ پولیس نے نوٹس بھیجا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کی ماں سنندا سے پوچھ گچھ کرنے کے لئے ممبئی روانہ ہوں گے۔ وہ اس معاملے میں سبھی نکات پر جانچ کریں گے۔ معاملہ ہائی پروفائل ہونے کے ناطے پولیس سبھی نکات کی باریکی سے جانچ کر رہی ہے۔