افغانستان میں گزشتہ تین روز کے دوران 27 بچے ہلاک، 136 زخمی ہوئے: اقوام متحدہ

افغانستان میں گزشتہ تین روز کے دوران 27 بچے ہلاک، 136 زخمی ہوئے: اقوام متحدہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 27 بچے ہلاک اور 136 سے زائد بچے زخمی ہوئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ 3 روز سے جاری لڑائی میں اب تک 27 بچے ہلاک اور 136 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ 

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ صرف قندھار میں لڑائی کے دوران 20 بچے مارے گئے جبکہ 130 کے قریب زخمی ہوئے، اس کے علاوہ خوست اور پکتیا میں 7 بچے جان سے گئے۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد کا واضح ثبوت ہے، اس کے علاوہ مسلح گروہوں کی جانب سے کم عمر بچوں کو تیزی سے اپنے ساتھ شامل کیا جارہا ہے جو باعث تشویش ہے۔