فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے اثاثے بل گیٹس سے بھی زیادہ ہوگئے

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے اثاثے بل گیٹس سے بھی زیادہ ہوگئے
سورس: file photo

واشنگٹن :فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے دولت میں بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا۔

غیر ملکی جریدے فوربز کی ایک رپورٹ کے مطابق بل گیٹس اور ملنڈا گیٹس کی طلاق اور بعد ازاں جائیداد کی تقسیم بل گیٹس کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نیچے آنے کی بنیادی وجہ ہے۔

1987 سے بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نمایاں مقام پر  رہے تاہم یہ پہلا موقع ہے جب بل گیٹس اس فہرست میں تیسرے نمبر سے نیچے ہوکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت اس وقت 129.6 بلین ڈالر ہوگئی ہے جب کہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے اثاثوں کی مالیت 132 بلین ڈالر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  بل گیٹس کی کمپنی ایل ایل سی نے حال ہی میں سابقہ اہلیہ ملنڈا کو 2.4 بلین اسٹاک منتقل کیے جس کے بعد ملنڈاکے اثاثوں کی ملکیت 5.6 بلین امریکی ڈالر ہوگئی تاہم اس سے قبل مئی میں بل گیٹس 3.2 بلین اسٹاک علیحدہ کرچکے ہیں۔

 خیال رہے کہ بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے رواں برس مئی میں شادی کے 27 سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔