مالے میں انتہا پسندوں کے حملوں میں 44 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

مالے میں انتہا پسندوں کے حملوں میں 44 افراد ہلاک ، متعدد زخمی
سورس: file photo

کورو : مالے کے  شمالی علاقوں میں مشتبہ انتہا پسندوں نے حملہ کرکے 44 افراد کو ہلاک کردیا ۔جدید اسلحہ سے مسلح افراد نے نائجر کی سرحد سے ملحقہ گاؤں پر حملہ کیا ۔

ایک فوجی افسر نے  بتایا کہ بندوق برداروں نے نائجر کی سرحد سے ملحق مالی کے تین دیہاتوں  پر حملہ کیا ۔دہشت گرد جتھے کی شکل میں گاؤں میں داخل ہو گئے اور بے دردی سے قتل عام کیا ۔ 

فوجی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا،”کورو میں بیس شہریوں کا قتل عام ہوا، اوٹاگونا میں چودہ شہری ہلاک کیے گئے اور ڈاوٹے گیفٹ میں دیگر شہریوں کو مار ڈالا گیا۔”
افریقی ملک مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، حکام کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ملک کے شمالی علاقوں میں متعدد دیہاتوں پر منظم حملے کئے۔ ان واقعات میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر مالی کی فوج کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ مالی میں القاعدہ اور داعش سے منسلک کئی مقامی گروپ فعال ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں کون سا دہشت گرد گروہ ملوث ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مشن بھی اس افریقی ملک میں سرگرم ہیں۔

دریں اثنا پڑوسی ملک برکینا فاسو میں بھی حملے میں بارہ فوجی ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیر مواصلات اوسینی تمبورا نے حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ زمینی فوج اور ریپڈ انٹروینشن فورس گارسی پر بھی حملہ کیا گیا۔