بی جے پی کے جلسے میں مسلمانوں کو دھمکیاں، 5 ملزم گرفتار

بی جے پی کے جلسے میں مسلمانوں کو دھمکیاں، 5 ملزم گرفتار
سورس: file photo

نئی دہلی :بی جے پی کے جلسے میں مسلمانوں کے خلاف شدید نعرے بازی  کی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ 

بھارتی دارالحکومت دہلی میں ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما اورسپریم کورٹ کے وکیل اشونی اپادھیائے نے بھارتی پارلیمان کے قریب معروف مقام جنتر منتر پر 8 اگست کو جاری اپنے ایک پروگرام میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کی اورنازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔

اس واقعے سے متعلق ایک وڈیوبھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں صاف اس بات کی نشاندہی ہورہی ہے کہ نعرے بازی اسلام اور مسلمانو ں کے خلاف ہے۔ رہنما نے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں رہنا ہوگا تو جے شری رام کہنا ہوگا۔

 اس سے متعلق پولیس کا کہنا ہے جس پروگرام کے دوران نعرے بازی کی گئی اس پروگرام کے کرنے کی بھی اجازت نہیں لی گئی تھی تاہم مسلم مخالف نعروں کے سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ 5 افراد کو گرفتاربھی کرلیا گیا ہے۔

مسلم رکن  پارلیمان اسد الدین اویسی نے اس معاملے کو ایوان میں اٹھایا اورکہا کہ پروگرام کے دوران کھلم کھلا مسلمانوں کی نسل کشی کی باتیں کی گئیں لیکن قصورواروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، آخر ان غنڈوں کی بڑھتی ہوئی ہمت کا رازکیا ہے، وہ جانتے ہیں کہ مودی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔