اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہونگے، بابر اعوان

اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہونگے، بابر اعوان
کیپشن: اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہونگے، بابر اعوان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے ہی ہوں گے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان نے بتایا کہ کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے ہر قیمت پر قانون سازی کی جائےگی ، اپوزیشن تجاویز دے کھلے دل سے قبول کریں گے ۔ الیکشن کمیشن مشینیں خود اور اپنی مرضی سے خریدے گا اور حکومت صرف سپورٹ کر رہی ہے جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربے ہر جگہ کرائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کے الیکشن کے لیے بھی مشین آفر کریں گے، اگلا جنرل الیکشن انشاءاللہ قابل قبول ہوگا، دھاندلی روکنے کا طریقہ ٹیکنالوجی ہی ہے۔ بھارت میں بھی یہی ٹیکنالوجی ہی استعمال ہوئی اور مودی کی حکومت بنی،الیکشن پر خرچ اربوں میں ہوتا ہے اور نتیجہ دھاندلی کے نعرے ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کیا تھا اور اس سے فرضی ووٹ بھی ڈالا تھا۔

اپوزیشن کی جانب سے اب تک الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں انٹر نیٹ یا کسی سافٹ وئیر کا کوئی عمل دخل نہیں، اس میں ٹیمپرنگ نہیں کی جاسکتی اور یہ استعمال میں بھی آسان ہے ۔