ہر صورت سچ بولنا چاہیے، مخالفین کو شکست دیدی: خواجہ آصف

ہر صورت سچ بولنا چاہیے، مخالفین کو شکست دیدی: خواجہ آصف

سیالکوٹ: وفاقی وزیر پانی و بجلی اور دفاع  خواجہ محمد آصف نے کہا ہے  کہ مخالفین کی اس سے بڑی شکست کیا ہوسکتی ہے ان کو تائید کنندہ تک نہیں ملتا۔ان کی ناعاقبت اندیشی انہیں اس مقام تک لے آئی ۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں ان کے حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار کو 72 ہزار ووٹ ملے تھے لیکن گزشتہ روز مئیر کے لئے تحریک انصاف کو تائید کنندہ تک نہیں ملا ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر صورت سچ بولنا چاہیے کیونکہ اسے یاد رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی جب کہ جھوٹ کو یاد رکھنا پڑتا ہے۔عمران خان نے خود پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کی درخواست دی تھی لیکن جب عدالت نے کمیشن کا کہا تو عمران خان بھول گئے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان صدر نے احسان فراموشی کی زبان استعمال کی افغانستان کی جانب  سے بھارت میں جو زبان پاکستان کے لئے استعمال کی گئی اس کو سراہا نہیں گیا ۔