ریستوران کے مسلمان مالک کا کرسمس پر مفت کھانا کھلانے کا اعلان

لندن میں ایک ریستوران کے مسلمان مالک نے کرسمس کے موقع پر بے گھر اور بزرگ افراد کے لیے تین ڈشوں پر مشتمل مفت کھانے کا اعلان کیا ہے کہ اس اہم دن پر کوئی بھی شخص اکیلے کھانا نہ کھائے

ریستوران کے مسلمان مالک کا کرسمس پر مفت کھانا کھلانے کا اعلان

لندن : لندن میں ایک ریستوران کے مسلمان مالک نے کرسمس کے موقع پر بے گھر اور بزرگ افراد کے لیے تین ڈشوں پر مشتمل مفت کھانے کا اعلان کیا ہے کہ اس اہم دن پر کوئی بھی شخص اکیلے کھانا نہ کھائے ۔ سڈ کپ کے علاقے میں واقع ‘شیش ریستوران’نے مقامی آبادی کو ایک پوسٹر کے ذریعے دعوت دی ہے کہ اس 25دسمبر کو ‘ ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لیے حاضر ہیں’۔ریستوران نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی عوام سے درخواست کی ہے کہ ان کا یہ پیغام آگے پھیلایا جائے ’ ان کے اس احسن اقدام کو عوام میں بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔

سوزینہ حارث کہتی ہیں کہ ‘‘ کیا زبردست بات ہے ’ ایک ریستوران کرسمس کے موقع پر کمانے کے بجائے عوام کو کچھ دینے کی بات کررہا ہے۔ اگر میں علاقے میں ہوئی تو یہاں ضرور جاؤں گی’’۔ لنڈا لیچ نامی ایک خاتون نے کہا کہ ‘‘ دنیا میں ابھی رحمدلی کا جذبہ باقی ہے ’ حیرت انگیز لوگ ہیں یہ’’۔ریستوران کی جانب سے 25 دسمبر یعنی کرسمس کے موقع پر اعلان کردہ دعوت دوپہر12 سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ مینو میں سوپ ’ چکن کیزرول’ ویجی ٹیبل کیزرول ، چکن شیش( کوئی ایک) اور میٹھے میں چاولوں کی پڈنگ شامل ہیں۔