شاہ رخ اور عامر خان مشکل ترین امتحان میں مبتلا

شاہ رخ اور عامر خان مشکل ترین امتحان میں مبتلا

ممبئی : انڈیا کے معروف فنکار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم 'رئیس' کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے ۔ فلم کے ماہرین اور عام شا‏‏ئقین نے ٹریلر کی تعریف کی ہے۔اس فلم میں بھارت میں دکھائی جانے والی پاکستانی سیریل 'ہم سفر' سے شہرت پانے والی پاکستان کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان ہیروئن کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

شاہ رخ خان اب بھی مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں اور فلم کے شائقین عمموماً ان کی فلم کو ایک بار دیکھنا ضرور پسند کرتے ہیں۔ ان کی فلموں کا انتظار رہتا ہے۔ فلم میں ایک پاکستانی اداکارہ کی شمولیت معمول کے دنوں میں اس فلم کو اور بھی زیادہ پر کشش بنا سکتی تھی لیکن نفرتوں کے اس ماحول میں فلم کے بارے میں طرح طرح کے شک وشبہات پیدا ہوتے رہتے ہیں۔

شاہ رخ کی فلم 'رئیس' جنوری سنہ 2017 میں ریلیز ہو گی۔ ابھی فلم کے خلاف کسی تنظیم یا گروپ کی جانب سے براہ راست کوئی بیان نہیں آیا لیکن سوشل میڈیا پر کئی جگہ 'بائیکاٹ شاہ رخ' اور 'بائیکاٹ رئیس' کے پیغامات چل رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں ان کی دو اور فلمیں 'ڈیر زندگی' اور 'فین' ریلیز ہو چکی ہیں اور اس طرح کی مہموں کا بظاہر ان پر کوئی اثر نہیں پڑا۔شاہ رخ خان اب بھی مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں اور فلم کے شائقین عمموماً ان کی فلم کو ایک بار دیکھنا ضرور پسند کرتے ہیں

شاہ رخ سے بڑا چیلنج عامر خان کو درپیش ہے۔ ان کی فلم 'دنگل' اس مہینے کرسمس کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم ہریانہ کے ایک پہلوان کی زندگی پر بنی ہے جو بعد میں ایک کوچ بنے اور ان کی تریبت میں ان کی اپنی بیٹی نے کشتی میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس فلم کے لیے عامر نے اپنے کردار کی مناسبت سے اپنا وزن کافی بڑھایا تھا۔عامر خان کو بالی وڈ کا بہترین اداکار تصور کیا جاتا ہے۔ وہ بھارتی شائقین میں کافی مقبول رہے ہیں لیکن کچھ عرصے پہلے انھوں نے ایک انٹرویو میں انڈیا میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری اور تنگ نظری پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جب اپنی بیوی کے حوا لےسے یہ کہا کہ ان حالات میں کہیں انھیں ملک ہی نہ چھوڑنا پڑے تو ان کے خلاف تنقید اور نفرت کا سیلاب امڈ پڑا۔

ان کے اس بیان پر ٹی وی چینلوں پر بحث ہوئی، سوشل میڈیا میں ان کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی۔ دباؤ اتنا بڑھا کہ بہت سی کمپنیوں نےانھیں اپنے اشتہاروں سے نکال دیا۔ اس صورت حال کے بعد 'دنگل' ان کا پہلا امتحان ہو گا۔ادھر سخت گیر تنظیموں کی دھمکیوں کے بعد بالی وڈ کی نئی فلموں میں پاکستانی اداکاروں اور گلوکاروں کو کاسٹ نہیں کیا جا رہا۔ انڈیا اور پاکستان کی کشیدگی اب سرحدوں سے نکل کر سپورٹس، آرٹس اور عوامی رشتو ں تک پہنچ چکی ہے۔

اس ماحول میں 'دنگل' اور آئندہ مہینے 'رئیس' ریلیز ہو رہی ہیں۔ یہ دونوں فلمیں بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں اور فلم انڈسٹری ان سے کافی امید کر رہی ہے۔عامر خان اور شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کی موجودگی باکس آفس پر کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے۔ یہ اداکار ایک طویل عرصے سے فلم کے پردے پر حکمرانی کرتے رہے ہیں۔کئی فلم نقادوں کا خیال ہے کہ ان دونوں سپر سٹارز کی مقبولیت اب ڈھل رہی ہے۔ ان کی مقبولیت میں کمی آتی ہے یا اب بھی وہ اپنےشائقین کےدلوں پر حکومت کر رہے ہیں؟ یہ ان دونوں فلموں سے پتہ چل سکے گا۔

مصنف کے بارے میں