یمن میں فوجی کیمپ پر خود کش حملہ ، 50 اہلکار ہلاک

یمن میں فوجی کیمپ پر خود کش حملہ ، 50 اہلکار ہلاک

عدن:  یمن میں فوجی کیمپ پر ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 50 فوجی ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کی ذمہ داری  داعش نے قبول کرلی۔

ملٹری ذرائع کے مطابق خود کش بمبار نے شہر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب واقع السولہ بن ملٹری کیمپ میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑایا جہاں سیکڑوں فوجی اہلکار اپنی تنخواہ لینے کے لیے موجود تھے۔

داعش کی نیوز ویب سائٹ اعماق کی جانب سے جاری بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’داعش کے ایک رکن نے السولہ بن ملٹری کیمپ میں خود کش دھماکا کیا جہاں یمنی فوج کے اہلکار جمع تھے‘۔

حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء میں قبضہ کررکھا ہے جبکہ عدن کو بین الاقوامی طور پر یمن کی تسلیم شدہ حکومت نے اپنا مرکز بنارکھا ہے۔ باغیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد بھی یمنی حکومت کی معاونت کررہا تھا اور اس اتحاد نے گزشتہ برس مارچ میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔