حکمرانوں کو کرپشن پر اب کوئی بچانے والا نہیں، عمران خان

حکمرانوں کو کرپشن پر اب کوئی بچانے والا نہیں، عمران خان

شیخوپورہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک میں میرے خلاف یہودی لابی سے منسلک ہونے کا پروپیگنڈا کرتی ہے جبکہ خواجہ آصف جن کے جوتے پالش کرتے ہیں  انہیں کہتے ہیں کہ میں اسلام پسند ہوں اور مجھے طالبان خان قرار دیا جاتا ہے ۔

عمران خان نے کہا جب میں سیاست میں آیا تو ان لوگوں نے میرا راستہ روکنے کی کوشش کی لیکن کرپشن پر اب ان کو بچانے والا کوئی نہیں اور ختم نبوت کے معاملے پر لوگ ن لیگ کیخلاف سڑکوں پرنکلے ہوئے ہیں۔ختم نبوت بل میں ترمیم یہودی لابی کو خوش کرنے کیلئے کی گئی اور اب جب لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں تو یہ اس طرح میلاد النبی ﷺ  منا رہے جیسے پہلے کبھی نہیں منایا گیا۔نواز شریف خود چاول بانٹ رہے ہیں اور عابد شیر علی نے سبز ٹوپی پہنی ہوئی ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ ان لوگوں نے سیاست میں آ کر خوب پیسہ بنایا اور ان لوگوں کا سیاست میں آنے کا مقصد بھی یہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر مل کیس سامنے آئے گا تو پتہ چلے گا سارا ٹبر ہی چور ہے۔عمران خان نے کہا کہ جسٹس(ر) جاوید اقبال ساری قوم آپ کو دیکھ رہی ہے، سابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری قوم کا مجرم ہے اور اللہ نے موقع دیا تو قمر زمان چوہدری کو نہیں چھوڑیں گے کیوں کہ اس نے بڑے بڑے ڈاکوؤں کی چوری چھپائی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پیسہ بنانا چاہتا تو آسانی سے بنا سکتا تھا لیکن میں نے نہ ہی کسی رشتے دار کو کچھ بنانے دیا اور نہ ہی ان 4 سالوں میں کسی کو کوئی ملازمت دلوائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کے پی کے پولیس کی طرح سارے ادارے ٹھیک کریں گے اور یہ سب میرٹ کی وجہ سے ہی ہوسکتا ہے، بینک آف خیبر کو 2 سالوں میں منافع بخش بنا دیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کامزید کہنا تھا کہ شریفوں اور زرداریوں نے اس ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ،انہوں نے ایک قوم کو ہجوم میں بدل کر رکھ دیا ہے۔ شریف خاندان کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور تحریک انصاف جلد اقتدار میں آئے گی اور ملک دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔ملک میں اب بیروزگاری کا مسئلہ ختم ہونے والا ہے۔