جنوبی پنجاب صوبے کیلئے احسن اقبال نے حکومت کو پیشکش کر دی

جنوبی پنجاب صوبے کیلئے احسن اقبال نے حکومت کو پیشکش کر دی
کیپشن: جلد انتخابات ہوئے تو عوام ان کے نمائندوں کی ضمانتیں ضبط کرا دے گی، احسن اقبال۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نارووال: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے جنوبی پنجاب صوبہ قائم کرنے کیلئے آئینی ترمیم میں وفاقی حکومت کی مدد کی پیشکش کر دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا وعدہ پورا کرے اور اپوزیشن مکمل تعاون کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ حکومت جلد انتخابات کا رسک نہیں لے گی کیونکہ جلد انتخابات ہوئے تو عوام ان کے نمائندوں کی ضمانتیں ضبط کرا دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری پانچ سال کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا ہے کیونکہ روپے کی قدر میں کمی کی مثال نہیں ملتی جبکہ روپیہ فٹ بال کی طرح لڑھک رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت جو ملک میں احتساب کا عمل ہے وہ مسلم لیگ ن کے خلاف ٹارگٹ ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگوں پر مسلم لیگ ن سے زیادہ سنگین مقدمات نیب میں زیر التوا ہیں۔

انہوں نے کہا دیکھیں گے کہ نیب پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کرنے میں کیا اتنی ہی پھرتی دکھاتی ہے جتنی شہباز شریف کی گرفتاری میں دکھائی گئی۔