چیف جسٹس پاکستان نے کوئٹہ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا

چیف جسٹس پاکستان نے کوئٹہ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا
کیپشن: ججز کسی مفاد کے بغیر قوم کو انصاف فراہم کریں، چیف جسٹس ثاقب نثار۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کوئٹہ: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاح سے قبل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور افتتاحی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز جسٹس آصف سعید کھوسه اور جسٹس گلزار احمد، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر اور سینئر وکلاء بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان کو عمارت سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے شرکاء سے خطاب کیا اور کوئٹہ رجسٹری کے منصوبہ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کی کاوشوں سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا اور خدا سے دعا ہے کہ یہ عمارت انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ انصاف کسی بھی معاشرے کیلیے انتہائی ضروری ہے۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں پہلے روز دس کیسز کی سماعت بھی ہو گی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ عمارت انصاف کا مرکز بنے گی اور عوام کو بہتر انصاف میسر آ سکے گا۔ ججز کسی مفاد کے بغیر قوم کو انصاف فراہم کریں اور انصاف کسی قوم کے لئے بہت ضروری ہے جبکہ انصاف کے بغیر ترقی نا ممکن ہے۔