وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری
خصوصی اجلاس میں تمام وزارتیں اور ڈویژن وزیراعظم کو تین ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی۔۔۔۔۔فوٹو/ وزیراعظم آفیشل فیس بُک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے 100 روز مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔


وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں تمام وزارتیں اور ڈویژن وزیراعظم کو تین ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی جب کہ تمام وفاقی وزراتوں، ڈویژنز اور مشیروں سے تین ماہ کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے جس میں تفصیلی بریفنگ کے بعد 5 سے 7 منٹ تک ون آن ون سوالات اور جوابات ہوں گے جن میں وزیراعظم وزراء سے ان کی کارکردگی کے بارے میں پوچھیں گے۔

آج وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیے جانے کے بعد جن وزراء کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہوئی وزیراعظم کی جانب سے ان کے قلمدان بھی تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں وزارتِ اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے جب کہ شیخ رشید کے بیان پر فواد چوہدری نے ان کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کی بھی پیشکش کی تھی تاہم بعد میں شیخ رشید نے اپنے بیان پر یوٹرن لیا تھا۔