پاکستان کو اپنی اصلاح کرنے تک ایک ڈالر بھی نہیں دینا چاہیے، نکی ہیلے

پاکستان کو اپنی اصلاح کرنے تک ایک ڈالر بھی نہیں دینا چاہیے، نکی ہیلے
کیپشن: امریکا کو ان ممالک کو امداد نہیں دینی چاہئے جو پیٹھ پیچھے ہمارے کام میں رکاوٹ بنیں، نکی ہیلے۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیلے

نیو یارک: امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں سابق امریکی مندوب نکی ہیلے نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان نے امریکی امداد کے باوجود دہشت گردوں کو ٹھکانے فراہم کئے۔ اصلاح کے بغیر پاکستان کو اب ایک ڈالر بھی نہیں دینا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں سابق امریکی مندوب نکی ہیلے نے انٹرویو میں مزید کہا کہ امریکا کو ان ممالک کو امداد نہیں دینی چاہئے جو پیٹھ پیچھے ہمارے کام میں رکاوٹ بنیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو ان ممالک کو بھی امداد نہیں دینا چاہئے جو امریکی پارٹنر نہیں بننا چاہتے جبکہ امریکا کو پارٹنر ممالک پر بھی اسٹریٹیجک نظر رکھنی چاہئے۔

نکی ہیلے نے کہا کہ امریکا آنکھ بند کر کے امداد دیتا رہتا ہے اور اس کی مثال پاکستان ہے جس کو اربوں ڈالرز امداد دی۔ پاکستان نے اس کے باوجود دہشت گردوں کو ٹھکانے فراہم کئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردوں نے امریکی فوجیوں کو ہلاک کیا اور پاکستان کو اپنی اصلاح کرنے تک ایک ڈالر بھی نہیں دینا چاہیے۔

پاکستان اپنی اصلاح کیلئے امریکا کی طرف سے دیئے اربوں ڈالرز استعمال کرے کیونکہ یہ کوئی چھوٹی رقم نہیں۔ پاکستان کو بتا دینا چاہئے فوجی امداد اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکی امداد سے پہلے مطلوبہ اقدامات کرے۔