80 لاکھ کشمیری بھارتی جبرسے نجات کیلئے دنیاکی طرف دیکھ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی

80 لاکھ کشمیری بھارتی جبرسے نجات کیلئے دنیاکی طرف دیکھ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے ، 80 لاکھ کشمیری بھارتی جبرسے نجات کیلئے دنیاکی طرف دیکھ رہے ہیں ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، آج اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پر دلانا چاہتا ہوں، نہتے80 لاکھ کشمیری127روز سے کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے اور ذرائع مواصلات پر پابندی بدستور جاری ہے ، اصل حقائق دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جارہا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 80 لاکھ کشمیری بھارتی جبر سے نجات کیلئے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کا آج 128 واں دن ہے، بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی آواز پر آج مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔