سزا یافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

 سزا یافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مفرور قانون کو مطلوب ہیں جو بیرون ملک پاکستان کے قوانین کا مذاق اڑاتے ہیں، ان چور اور ڈاکوؤں کو مسیحا کے روپ میں پیش نہ کیا جائے۔ سزا یافتہ مجرموں سے متعلق قانون سازی پر غور کر رہے ہیں

تفصیلات کے مطابق ، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں  کہا کہ  15 ماہ کی حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں 12 نکات پیش کیے گئے جن میں سے 6 منظور ہوئے، ایک ایجنڈا مسترد جبکہ دیگر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزارت پانی وبجلی سے بریفنگ لی۔ وزارت پانی وبجلی نے گردشی قرضوں بارے آگاہ کیا۔ لائن لاسز کم کرنے پر وزیراعظم نے وزیر توانائی کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر کابینہ کو بجلی ٹیرف پر ابہام سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صنعتوں اور کسانوں کو بجلی کی مد میں سبسڈی دی گئی۔ زرعی شعبے کو 100 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کے 300 یونٹ تک کے صارفین کو 242 ارب کی سبسڈی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی مد میں 19 ارب کی سبسڈی دی گئی جبکہ آئل گیس اور پٹرول کے شعبوں میں 181 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔