اپوزیشن اس نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Opposition seeks to undermine system: Foreign Minister Shah Mehmood Qureshi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ آج جو لوگ جمہوریت کے علمبردار بنتے ہیں، وہی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کی دوسری لہر انتہائی سنگین ہے، پاکستان میں 50 سے 70 اموات روزانہ ہو رہی ہیں۔ اپوزیشن کو اس وبائی صورتحال کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جلسوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن دنیا ہمیں وبائی صورتحال اور خطرات سے آگاہ کر رہی ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ اگر اپوزیشن کسی قومی مسئلہ پر بات کرنا چاہتی ہے تو میں یہی کہوں گا کہ آئیے بات کیجئے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے عالمی دن اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم ہیومن رائٹس کے عالمی ڈیکلریشن کو تسلیم کرتے ہیں لیکن آج مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس ڈیکلریشن کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ 5 اگست 2019ء  سے لے کر آج تک 101 خواتین کی اجتماعی آبروریزی ہوئی، 15 کے قریب خواتین بیوہ ہوئیں اور بچوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بنیادی انسانی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں، وہاں مکمل کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کو رسائی نہیں دی جا رہی ہے لیکن جو خبریں باہر آ رہی ہیں وہ تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تمام ذمہ داروں کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو مسلسل صورت حال سے آگاہ رکھا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان کے اندر اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں۔ بھارت کا سیکولر سٹیٹ اور سب سے بڑی جمہوریت کا تاثر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن کے خطرے سے دنیا کو مسلسل آ گاہ کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا نے پچھلے ایک سال میں اس پر بہت توجہ دی ہے اور بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا لیکن شاید مزید توجہ کی ضرورت ہے۔