برطانوی وزیراعظم کی بے خبری ،کسانوں کی تحریک کو پاک بھارت تنازعہ سمجھ بیٹھے

برطانوی وزیراعظم کی بے خبری ،کسانوں کی تحریک کو پاک بھارت تنازعہ سمجھ بیٹھے
سورس: سکرین شارٹ

 لندن ،بھارت میں کسانوں کی تحریک اوراحتجاج سے برطانوی وزیراعظم لاعلم نکلے ۔ برطانوی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے سکھ ممبر پارلیمان تنمنجیت سنگھ نے جب بھارت میں کسانوں کی تحریک اور ملک گیر احتجاج کے معاملے میں ان کو مطلع کیا تو وہ اس معاملے سے پوری طرح ناواقف نظر آئے ۔ 

تنمنجیت سنگھ نے جب اس معاملے پر سوال اٹھایا تو برطانوی وزیراعظم جانسن  سمجھے کہ جیسے وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی تنازعے  پر بات کررہے ہیں ۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے پر دونوں ملکوں کو مذاکرات کے ذریعے کسی حل تک پہنچنا چاہئے ۔ تنمنجیت سنگھ برطانوی پارلیمنٹ میں کئی بارنریندر مودی  حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرچکے ہیں ۔

جب برطانوی وزیراعظم نے تنمنجیت سنگھ کے سوال پر جواب دینا شروع کیا تو یہ واضع طور پر محسوس ہوا کہ وہ اس کے لئے بالکل تیار نہ تھے ۔ انہوں کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے بھارت اور پاکستان کے درمیان جو بھی ہورہا ہے وہ تشویشناک ہے ۔ یہ ایک متنازعہ معاملہ ہے اور دونوں حکومتوں کو مل کر حل نکالنا ہوگا ۔ 

واضع رہے کہ پچھلے دوہفتوں سے بھارت بھر میں کسان نئی زرعی پالیسی پر احتجاج کررہے ہیں ۔ انہیں خدشہ ہے کہ نئی پالیسی کے رائج ہونے سے ان کی مراعات میں کمی آجائے گی جو ان کے لئے نقصان کا باعث ہوگا ۔