منی بجٹ آئندہ ہفتے، کیا کچھ مہنگا کیا جائے گا؟ شوکت ترین نے بتا دیا

منی بجٹ آئندہ ہفتے، کیا کچھ مہنگا کیا جائے گا؟ شوکت ترین نے بتا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ منی بجٹ اگلے ہفتے لا رہے ہیں جبکہ آئندہ ہفتوں میں پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی بھی کی جائے گی۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں شوکت ترین نے کہا کہ حکومت انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے تحت اگلے ہفتے منی بجٹ لا رہی ہے لیکن اس میں اشیائے خورو نوش پر دی جانے والی ٹیکس چھوٹ ختم نہیں ہوگی ، اس لئے منی بجٹ سے کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا۔ 
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں میک اپ کا سامان، کپڑے، جوتے اور پرفیومز سمیت دیگر درآمدی آسائشی سامان پر کسٹم ڈیوٹی بڑھائی جائے گی، اس کے علاوہ مقامی طور پر تیار ہونے والی کچھ اشیاءپر بھی سیلز ٹیکس کی شرح 12 سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی جائے گی۔ 
اس موقع پر انہوں نے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آنے کے بعد اب تک پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئی تھیں تاہم آئندہ ہفتوں میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بھی کی جائے گی۔