آریان خان نے ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا

 آریان خان نے ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
کیپشن: آریان خان نے ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
سورس: فائل فوٹو

ممبئی: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے ممبئی ہائی کورٹ میں ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منشیات کیس میں ضمانت پر رہا آریان خان نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ آریان نے اپنے وکیل کے توسط سے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں آریان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جنوبی ممبئی میں قائم نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر میں ہر جمعہ کو حاضری سے استثنیٰ دی جائے اور منشیات کیس کی تحقیقات اب دہلی میں اسپیشل تحقیقاتی ٹیم کر رہی ہے اس لیے ممبئی آفس میں ہفتہ وار حاضری کو ختم کیا جائے۔

آریان خان نے درخواست میں مزید کہا کہ این سی بی میں حاضری کے لیے پولیس اہلکاروں کی خدمات لینا پڑتی ہے اور پیشی کے بعد میڈیا کا بھی سامنا رہتا ہے۔

وکیل نے میڈیا کو بتایا ہے کہ امید ہے ممبئی ہائی کورٹ آریان خان کی درخواست پر اگلے ہفتے سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ آریان خان منشیات کیس میں ضمانت پر ہیں، انہیں این سی بی نے 3 اکتوبر کو منشیات کے استعمال، خرید و فروخت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ آریان خان کی درخواست پر 28 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔