طیبہ تشدد کیس، والدین نے سیشن جج اور اس کی اہلیہ کو معاف کر دیا

طیبہ تشدد کیس، والدین نے سیشن جج اور اس کی اہلیہ کو معاف کر دیا

اسلام آباد: اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود نے طیبہ تشدد کیس کی سماعت کی اور عبوری ضمانت کیلئے ملزم سیشن جج راجہ خرم بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر طیبہ کے والدین کو بھی طلب کر رکھا تھا تاہم آج عدالت میں صرف طیبہ کا والد اعظم پیش ہوا۔ عدالت کے استفسار پر اعظم نے بتایا کہ طیبہ کی والدہ علالت کے باعث حاضر نہیں ہو سکیں تاہم انہوں نے ایڈیشنل سیشن جج اور ان کی اہلیہ کو معاف کر دیا ہے۔

دونوں کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے اور اگر ملزمان کو ضمانت دے دی جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ اس پر ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف نے ریمارکس دیئے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں آپ پہلے بھی اس عدالت میں معافی کا بیان دیکر سپریم کورٹ میں مکر گئے تھے۔

اس پر اعظم نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران دباؤ میں آ گیا تھا تاہم اب وہ پورے ہوش و حواس میں راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کو معاف کر رہے ہیں اس پر جج نے کہا کہ ضمانت پر فیصلہ ابھی نہیں تحریری بیان حلفی کے بعد کیا جائے گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں