نظام الدین سیالوی نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

نظام الدین سیالوی نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

سرگودھا: پیر حمیدالدین سیالوی کے بھتیجے نظام الدین سیالوی نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ واپس  لے لیا۔ پیر حمیدالدین نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نظام الدین آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے اور وہ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

یاد رہے چند روز قبل نظام الدین سیالوی نے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ رواں ہفتے ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی نظام الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ حالیہ دھرنوں کے پیچھے بعض قوتوں کا ہاتھ تھا جو جمہوری حکومت کو ہٹانا چاہتی تھیں اور یہ بھی کہ سازشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

نظام الدین سیالوی نے انکشاف کیا تھا کہ حقیقتاً بعض قوتیں ان تمام دھرنوں کے پیچھے ہیں اور مذہب کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ صرف سیاسی فوائد کے حصول کے لیے استعمال کیا گیا حالانکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے واضح بیان کے بعد یہ معاملہ حل ہوجانا چاہیے تھا۔

نظام الدین نے انکشاف کیا کہ بعض قوتیں سیال شریف کے پیر حمیدالدین سیالوی کو حکومت کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیال شریف کا دورہ کر کے پیر آف سیال شریف سے ملاقات کی اور رانا ثناء اللہ کے بیان اور د یگر واقعات کے حوالے سے پیدا ہونے والی غلط فہمی پر وضاحت پیش کی۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں