سعودی عرب نے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کا عندیہ دے دیا

سعودی عرب نے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کا عندیہ دے دیا

جدہ: سعودی وزارت حج نے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافہ کا عندیہ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حج کوٹے میں اضافے سے وزارت مذہبی امور کو آگاہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کے بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حج پالیسی کے تحت اضافی کوٹہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ 26 جنوری کو سرکاری اسکیم کے تحت ہونے والی حج درخواستوں کی قرعہ اندازی کے حوالے سے عدالتوں کے مختلف فیصلوں کے باعث وزارت مذہبی امور تذبذب کا شکار ہو گئی تھی جس کی بنا پر قرعہ اندازی موخر کر دی گئی تھی۔

 

وفاقی سیکریٹری برائے مذہبی امور خالد مسعود کا کہنا تھا کہ جب تک یہ صورتحال واضح نہیں ہوجاتی، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا تاہم وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائی جائے گی اور حتمی فیصلے کے بعد ہی قرعہ اندازی ہوگی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں