دہشت گردی کیخلاف جنگ قومی لائحہ عمل کا حصہ ہے : احسن اقبال

دہشت گردی کیخلاف جنگ قومی لائحہ عمل کا حصہ ہے : احسن اقبال


واشنگٹن : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھرپور کوششوں اور لازوال قربانیوں کے بعد ملک میں امن اوراقتصادی استحکام بحال کردیاہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی لائحہ عمل کاحصہ ہے ، پاکستان میں امن کیلئے افغانستان میں قیام امن ناگزیر ہے، جبکہ امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون نہایت ضروری ہے۔


وزیرداخلہ احسن اقبال اورنائب امریکی وزیرخارجہ جون سلیوان کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہو ئی جس میں دونوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اورخوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ مجموعی تعلقات اور علاقائی امور سے متعلق معاملات پربات چیت کی ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے امریکی وزیرخارجہ کودہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کیا ۔احسن اقبال نے کہاکہ بھرپور کوششوں اور لازوال قربانیوں کے بعد ملک میں امن اوراقتصادی استحکام بحال کردیاگیا ہے۔


انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی لائحہ عمل کاحصہ ہے جو ملک میں امن وخوشحالی کومدنظر رکھتے ہوئے وضع کیاگیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں امن کیلئے افغانستان میں قیام امن ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کو خطے میں امن کیلئے ملکر کام کرناچاہیے ۔ جون سلیوان نے کہاکہ خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون نہایت ضروری ہے ۔