انور رٹول تو سنا تھا یہ سر پھٹول پہلی بار سنا ہے : ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس

انور رٹول تو سنا تھا یہ سر پھٹول پہلی بار سنا ہے : ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس


کراچی : ایم کیو ایم (پاکستان )کے سربراہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس کے دوران محفل اس وقت کشت زعفران بن گئی جب انہوں نے سر پھٹول کو غلط انداز میں بولا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کامران ٹیسوری پر بھی پھبتی کسی کہ منی کے بعد اب منا بھی بدنام ہو گیا ہے۔


ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے خطاب کے دوران اس وقت مضحکہ خیز صورتحال پیدا ہو گئی جب انہوں نے اردو کے غلط محاورے بولے اور اس کے ساتھ ساتھ چٹکلے چھوڑنے کی بھی کوشش کی ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جب وہ خبر کے افشا ہونے کی روداد سنا رہے تھے تو انہوں کے کہا کہ ’’گھر میں جتنی ’’سر پھٹوول‘‘ کر لو‘‘۔ اور غلط جملے کی ادائیگی کے فوری بعد انہیں اپنی غلطی کا اندازہ ہو گیا تو انہوں نے میڈیا سے سوال کیا ’’مطلب سمجھ آتا ہے ’’سرپھٹوول‘‘ کا ؟۔ کسی سے انہیں لقمہ دیا ’’سر پھٹول‘‘ فاروق ستار نے تسلیم کرنے کی کوشش کی کہ انہیں یہ لفظ درست ادا نہیں کرنا آتا مگر پھر پتہ نہیں کیوں جملہ درمیان میں ہی چھوڑ دیا اور پریس کانفرنس جاری رکھتے ہوئے درست جملہ ادا کرتے ہوئے ’’سر پھٹول ‘‘ کہا۔


فاروق ستار نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کورنگی اور لیاقت آباد والوں کو تو اس جملے کا مطلب ضرور پتہ ہو گا۔ اسی موقع پر ایم کیو ایم کے ایک رہنما نے اپنی شرکت ضروری سمجھی ٗ شاید سر پھٹول ان کیلئے بھی نیا لفظ تھا اور انہوں نے تبصرہ کرنا ضروری سمجھا کہ ’’انور رٹول تو سنا تھا یہ سر پھٹول پہلی بار سنا ‘‘۔


فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کامران ٹیسوری کو بھی بڑے لطیف انداز میں نشانہ بنایا کہ پہلے منی بدنام ہوئی تھا اور اب منا بدنام ہو گیا ہے۔