وزیر مذہبی امور نے آئندہ چند برسوں میں حج کو مزید مہنگا کرنے کی خبر سنادی

وزیر مذہبی امور نے آئندہ چند برسوں میں حج کو مزید مہنگا کرنے کی خبر سنادی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے حج کو مزید مہنگا کرنے کی خبر پاکستانیوں کو سناکر بجلیاں گرادیں ہیں اور کہا کہ سعودی وزارت حج کی خواہش ہے کہ تمام ممالک حج تین سے چار سال میں بتدریج نجی شعبے کو منتقل کریں، آئندہ چند برس میں حج مزید مہنگا اور نجی شعبے کے تحت ہی ممکن ہوسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے سبسڈی کو جائز قرار دیا تھا اور انہوں نے مرحلہ وار سبسڈی ختم کرنے کی تجویز دی تھی۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں حج عمرہ مفت نہیں ہوتا، حج اخراجات میں اب کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی عرب میں عمران خان کو سید عمران کہا جاتا ہے جبکہ عمران خان نے کہا بدحال معیشت میں سبسڈی دینے پر ان کا دل نہیں مانتا، مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کی وجہ سے سبسڈی دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حج سبسڈی کی سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی اور اس کے حق میں دلائل بھی دیے تھے تاہم کابینہ نے حج سبسڈی پر اتفاق نہیں کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر کے لیے حج اخراجات میں اضافہ کیا اور اسے  اخراجات میں کمی کا نہیں کہیں گے، سعودی ولی عہد سے بھی اخراجات میں کمی کا مطالبہ نہیں کریں گے۔