حکومت نوازشریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے:خواجہ آصف

حکومت نوازشریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے:خواجہ آصف
کیپشن: فائل فوٹو

سیالکوٹ:سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت نوازشریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، دل کے مرض کیلئے ڈاکٹرز کے بورڈ کی رائے کو تسلیم کیا جائے جبکہ پہلی بار ایک وزیراعظم آئی ایم ایف کے پاس جارہاہے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف کےپاس جانے سے بہتر ہے خودکشی کرلوں، عمران خان 22سال تک جو کہتے رہے اس پر خود عملدرآمد نہیں کیا، ہم کنٹینرپر نہیں چڑھناچاہتے، ہم بھی اس نظام کو منجمد کر سکتے ہیں، عمران خان کے لہجے سے محسوس ہورہا ہے وہ انتہائی پریشان ہیں، نظام کو خطرہ ہے،ہمیں تحفظات ہیں پھر بھی چاہتے ہیں نظام چلے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حکومت اب تک 1400 ارب کے نوٹ چھاپ چکی ہے،حکومت کی خارجہ پالیسی بھی درست سمت میں نہیں،ڈر ہے کہیں ہم سے دیرینہ دوست ناراض نہ ہو جائیں۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ این آر او صرف وزیراعظم کی ہمشیرہ کو ملا ہے،سیاسی لوگ ہر وقت الیکشن کیلئے تیاررہتے ہیں،بیورکریسی کو کام نہیں کرنے دیا جارہا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایک وزیرکہہ رہا تھا کلبھوشن کو بھیج دیا گیا ہے،جیسا وزیراعظم ویسے ہی وزیر،6 ماہ میں حکومت نے صرف پرانے منصوبوں پر تختیاں لگائی ہیں جبکہ حکومت نوازشریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، دل کے مرض کیلئے ڈاکٹرز کےبورڈ کی رائے کو تسلیم کیا جائے، حکومت اس وقت خود اپنی دشمن ہے،بیماری کاسیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔